سندھ اسمبلی میں آگ لگی ہے یا لگائی گئی ہے ، اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے،خرم شیر زمان

زرداری ہمت کریں اور اپنی حکومت کے مشیروں اور وزراء سے اثاثہ جات اور شہریت کی تفصیلات طلب کریں ، صد ر پی ٹی آئی کراچی
پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں آگ لگی ہے یا لگائی گئی ہے ، اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے۔ ہم تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سب سے پہلے دیکھا جائے کہ اس کا فائدہ کسے ہوا ہے۔جب ہم نے اس کمرے کا دورہ کیا تو ہم نے دیکھا کہ تمام فائلیں ایک طرف جمع تھیں اور جل کر راخ ہوچکی ہیں۔ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کیاآگ لگنے کے سبب وہ ریکارڈ بھی جل گیا ہے جو نئی سندھ اسمبلی کا تھا یا جو اسمبلی کے سامنے اراکین اسمبلی کے لئے عالیشان محل تعمیر ہو رہا ہے اس کا ریکارڈ تو نہیں جلا دیا گیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے ریکارڈ روم کاجائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کراچی سعید آفریدی، اراکین سندھ اسمبلی راجہ اظہر، شہزاد قریشی، صدر پی ٹی آئی کراچی کے مشیر عمران صدیقی موجود تھے۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ہمیں اینٹی کرپشن کے ادارے سے شفاف تحقیقات کی امید نہیں لیکن ہم نیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس بات کی تحقیق کی جائے کہ ریکارڈ روم میں با ر بار آگ کیوں لگتی ہے ۔ کچھ عرصہ قبل سندھ سیکریٹریٹ میں بھی آگ لگی تھی جس میں ریوینیو کا ریکارڈ جل گیا تھا۔







