کراچی میں کورونا کے 456 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ برائے مہربانی احتیاطی تدابیر پر لازمی طور پر عمل کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے متعلق اپنے بیان میں عوام سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی احتیاط نہ صرف آپ کو بلکہ دیگر لوگوں کو بھی محفوظ بنائےگی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی صورتحال صوبے بھر میں خطرناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں انتقال کرنے والوں کی تعداد 25 ہے جس کے بعد صوبے میں انتقال کرنے والوں کی تعداد 2135 ہوگئی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 11009 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے آج 798 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔ کراچی میں آج 456 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مجموعی طور پر اب تک 699326 ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں سے 117598 کیسز مثبت آئے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ سندھ میں اس وقت 11444 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 10784 گھروں میں ،29 مریض آئسولیشن مراکز میں جبکہ 613 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ آج 429 مریض تشویشناک حالت میں ہیں جن میں سے اس وقت 66 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج مزید 528 مریض صحتیاب ہوکرعام زندگی کی طرف لوٹ گئے ہیں جس کے بعد اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 104019 ہوگئی ہے۔







