میٹرو پولیٹن

عیدالاضحٰی کے دوران کراچی کے بلدیاتی اداروں کے افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ

کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد

عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کی ابتدائی تیاریاں کر لی گئی ہیں تمام بلدیاتی اداروں نے آلائشین اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے ہنگامی منصوبے بنا لیے ہیں

بدھ کو کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں ہنگامی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی ادارے ہنگامی منصوبوں اور انتظامات کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ اجلاس میں جائزہ لیں گے اور حتمی شکل دیں گے۔

کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور متوقع مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لئے مربوط اقدامات کریں انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کی جائے۔

کمشنر کراچی نے تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ یقینی بنائیں کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں سڑکوں پر نظر نہ آئیں اوران کی وجہ سے شہریوں کو تعفن کی شکایت نہ ہو۔ اجلاس میں عید کے موقع پر مون سون بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا فیصلہ کیا گیا کہ تمام ادارے متوقع مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔

فیصلہ کیا گیا کہ ساحلِ سمندر سمیت شہر میں تمام تفریحی مقامات بند رہیں گے تمام ڈپٹی کمشنرز عید پر تفریح کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے۔

کمشنر نے کہا عید کے موقع پر آلائشیں اٹھانے اور متوقع بارشوں کے نقصانات سے شہریوں کو بچانا تمام اداروں کے لئے چیلنج ہے اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ مربو ط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

فیصلہ کیا گیا کہ انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے تمام متعلقہ عملہ کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں گی

کمشنر نے کہا کہ حکومت سندھ نے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ضلع میں اور ضلع کونسل میں قربانی کے لئے مراکز مقرر کردیے ہیں تاکہ جگہ جگہ سڑکوں پر قربانی کی حوصلہ شکنی کی جاسکے اور عید کے موقع پر صفائی کو ہر ممکنہ طور پریقینی بنایا جا سکے

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز قربانی کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے مقررہ مراکز پر عملد رآمد کرایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع غربی میں قربانی کے لئے 120 مراکز پر قربانی کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ ضلع وسطی میں 119، ضلع شرقی میں 60، ضلع ملیر میں38، جبکہ ضلع کونسل میں 120 مراکز مقرر کیے گئے ہیں۔

حکومت سندھ کے نوٹیفیکشن کے مطابق ہر یونین کونسل میں مختلف وارڈز میں قربانی کر نے کی اجازت ہو گی جس کے لیے متعلقہ بلدیاتی ادارے صفائی اور آلائشین اٹھانے کے خصوصی انتظامات کریں گے۔ اسی طرح ضلع کونسل کی حدود میں بھی مراکز مقرر کئے گئے ہیں ان مقامات کے علاوہ جگہ پر قربانی کی اجازت نہیں ہو گی۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے عملہ کے ساتھ عید کی چھٹیوں میں فیلڈ میں اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے موجود رہیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button