پاکستان میں ریستوران، سیاحتی و تفریحی مقامات کھولنے کا اعلان

پاکستان میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹنے کے بعد حکومت نے پابندیاں مزید نرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے 8 اگست سے سیاحتی مقامات اور 10 اگست سے سنیما، ریستورانوں میں ڈائن اِن، کیفے اور دیگر تفریحی مقامات کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
کرونا وائرس پر قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا۔

اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں سیاحتی مقامات 8 اگست سے کھول دیے جائیں گے جب کہ سنیما گھر، ریستورانوں میں ڈائن اِن، کیفے، پارکس، میوزیم اور دیگر تفریحی مقامات 10 اگست سے کھولنے کی اجازت ہو گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جمنازیم اور اِن ڈور گیمز کی بھی اجازت ہو گی۔ البتہ کھیلوں کے مقابلے شائقین کے بغیر ہوں گے۔ بیوٹی پارلرز اور ایکسپو سینٹرز بھی کھولنے کی اجازت ہو گی۔
حکومت نے دکانیں کھولنے کے اوقاتِ کار بھی معمول پر لانے کا اعلان کیا ہے اور ہفتہ اور اتوار کو بازار بند رکھنے کی پابندی بھی ختم کی جا رہی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق ابھی یہی فیصلہ ہے کہ وہ 15 ستمبر سے ہی کھلیں گے البتہ 7 ستمبر کو صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اسد عمر نے کہا کہ روڈ ٹرانسپورٹ سروس بھی مکمل طور پر کھولی جا رہی ہے۔ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی بھی اجازت ہو گی لیکن میٹرو یا دیگر بسوں میں کھڑے ہو کر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ریلویز اور ایئر لائنز کے آپریشنز بھی مکمل طور پر فعال کیے جا رہے ہیں لیکن ستمبر کے آخر تک مسافروں کی تعداد کی شرط برقرار رہے گی۔
شادی ہالز سے متعلق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شادی ہال 15 ستمبر سے کھولنے کی اجازت ہو گی اور ہوٹلوں میں بھی شادی کے فنکشن ہو سکیں گے۔







