دوسرا ٹیسٹ: فواد عالم کی 10 سال بعد واپسی، پاکستان کو پہلا نقصان، شان مسعود آؤٹ

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ساؤتھمپٹن میں شروع ہو گیا ہے جس کے تیسرے اوور میں اوپنر شان مسعود ایک رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے ہیں۔
اب سے کچھ دیر پہلے پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 27 رئز بنائے تھے۔ اظہر 7 رنز پر اور عابد علی 11 رنز پر کھیل رہے ہیں
پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم کی دس سال بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
انگلینڈ کے ہاتھوں مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میدان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں تین وکٹوں کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ساؤتھمپٹن میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شاداب خان کی جگہ فواد عالم کو شامل کیا ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں بین اسٹوکس اور آرچر کی جگہ زیک کراولے اور سیم کرن کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم پہلی بار سائوتھمپٹن میں ٹیسٹ کھیلے گی۔
انگلینڈ کی ٹیم نے کپتان جوئے روٹ کی قیادت میں مسلسل چھ ٹیسٹ میچوں میں فتح حاصل کی ہیں جبکہ ان کی قیادت میں انگلش ٹیم اب تک کل 23 ٹیسٹ میچ جیت چکی ہے۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں مانچسٹر میں پاکستان کے ناتجربہ کار بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی تھی تاہم آخری اننگز میں جیتا ہوا میچ پریشر برداشت نہ کرنے کی وجہ سے ہار دیا۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن نے سوائے پہلی اننگز کے شان مسعود کی سنچری کے، نے مایوس کن کارکردگی دکھائی۔ کپتان اظہر علی، اسد شفیق، عابد علی اور محمد رضوان دونوں اننگز میں مجموعی طور پر صرف 126 رنز بنا سکے۔
پہلا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد اظہر علی کی کپتانی پر بھی سوالات اٹھنا شروع ہوئے ہیں۔
پاکستان کی بولنگ لائن میں یاسر شاہ کے علاوہ دیگر کھلاڑی نئے اور ناتجربہ کار ہیں۔
دوسری جانب انگلیںڈ کے دونوں فاسٹ بولرز جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔







