کیمبرج کا مسئلہ حل،طلبہ کیلئے جلد نئے گریڈز کا اعلان

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے کیمبرج کا مسئلہ حل کرتے ہوئے طلبہ کے لیے جلد نئے گریڈز کا اعلان کرنے کی خوشخبری سنادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اے اور او لیول کے طلبا و طالبات کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔

احتجاج کے دوران طلبہ کا کہنا تھا کہ گریڈ جاری کرنے کے لیے طلبہ کی تعلیمی قابلیت جانچنے کے معیار میں خامیاں ہیں جس کے باعث 60 فیصد طلبہ کو کم گریڈ جاری کیے گئے۔
طلبہ کے احتجاج کے بعد ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہماری انتھک کوششیں رنگ لے آئیں، کیمبرج نے فیصلہ کیا ہے کہ اسکولوں کی جانب سے پیش کردہ گریڈ سے کم گریڈ نہیں دے گا اور کیمبرج جلد ہی نئے گریڈز کا بھی اعلان کرے گا۔
کیمبرج نے اعلان کیا ہے کہ جون 2020 میں دیے جانے والے گریڈز اسکولوں کے تجویز کردہ گریڈ سے کم نہیں ہوں گے، گزشتہ ہفتے دیے جانے والے نتائج میں جہاں حاصل کردہ گریڈ تجویز کردہ گریڈ سے زیادہ ہوئے، وہاں بڑا گریڈ لاگو ہوگا۔
