27 اگست سے تیسرا وائٹالٹی بلاسٹ ٹی20 ٹورنامنٹ

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام وائٹالٹی بلاسٹ ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز 27 اگست سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ کا تیسرا سیزن ہے جس کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے وائٹالٹی بلاسٹ کے نام سے موسوم کیا ہے۔ ای سی بی پہلے ہی ٹورنامنٹ کےشیڈول کی تصدیق کر چکا ہے۔
اس سے قبل ٹورنامنٹ کا آغاز رواں سال 28 مئی کو ہونا تھا اور5 ستمبر2020ء کو ختم ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث 24 اپریل 2020ء کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایونٹ موخر کر دیا تھا۔ 18 ٹیمیں خطاب کی دعویداری کیلئے نبرد آزما ہوں گی جن میں ڈربی شائر فالکنز، ڈرہم، لنکا شائر لائٹنگ، لیسٹر شائر فاکس، ناٹنگھم شائر آؤٹ لاؤس، یار کشائر وائی کنگز، برمنگھم بیئرز، گلیمرگن، گلوسٹر شائر، نارتھمپٹن شائر اسٹیل بیکس، سمرسیٹ، ورسیسٹر شائر ریپڈز، اسیکس ایگلز، ہمپشائر، کینٹ سپٹ فائرز، مڈل سیکس، سرے اور سسیکس شارک شامل ہیں۔
وائٹالٹی ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ محدود اوورز کا فارمیٹ ہے۔ اسکے انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ جس میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ یہ ناک آؤٹ سسٹم کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ اسیکس کی ٹیم ایونٹ میں اپنےخطاب کا دفاع کرے گی۔ ٹورنامنٹ 38 دنوں تک جاری رہے گا۔







