مشرق وسطیٰ

بیروت میں زوردار دھماکے، درجنوں افراد ہلاک ، ہزاروں زخمی

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دو زور دار دھماکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے درجنوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق منگل کی سہ پہر ہونے والے دھماکوں نے بیروت کے مختلف علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا اور شہر کے مرکز سے دھویں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

بیروت کے رہائشیوں نے بتایا کہ دھماکے سے عمارتوں کی کھڑکیاں اور شیشے ٹوٹ گئے جبکہ کئی گھروں کی سیلنگز بھی گر گئیں۔

 اے ایف پی کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ’ ابتدائی اندازے کے مطابق دھماکوں سے73 افراد ہلاک اور 3 ہزار 700 شہری زخمی ہوئے ہیں‘۔

عرب نیوز کے مطابق دھماکے بیروت شہر کی بندرگاہ کے قریب ہوئے جس سے بڑے پیمانے پر میلوں دور تک عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ بڑے دھماکے سے قبل علاقہ میں ایک چھوٹے دھماکے اور آگ لگنے کی اطلاعات ملی تھیں۔

دھماکوں کی سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوسرا دھماکہ نہایت خوفناک تھا جس کی آواز دور تک سنی گئی۔ لوگ ریستوران اور گھروں سے چیختے ہوئے بھاگ نکلے۔

لبنان کے ہلال احمر نے دھماکے کے بعد کی صورتحال میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ طبی مراکز پہنچ کر خون کے عطیات دیے جائیں۔

لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق بندرگاہ پر آتش بازی کے سامان کے ایک گودام میں آگ لگنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button