عالمی و مقامی سطح پر سونے کی قیمت کم ہوگئی

سونے کی کی عالمی ومقامی قیمتوں میں پیر کو اضافے کا تسلسل رک گیا اورنرخوں میں کمی واقع ہوگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 24 ڈالر گھٹ کر 2030 ڈالر کی سطح پرآگئی جس سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 3000 روپے اور 2572 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازار میں فی تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ 29 ہزار روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت کم ہوکر 1 لاکھ 10 ہزار 597 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 1000 روپے کم رہی ہے۔
پیر کو سونے کے ساتھ فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 40 روپے کی کمی سے 1670 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 34 روپے 29 پیسے کی کمی سے 1431 روپے 75 پیسے کی سطح پر آگئی ہے۔







