موسم
کراچی میں بارش سے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال، کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق

گزشتہ روز کی بارش سے متعدد علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال۔ کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق۔کراچی میں آج بھی بادل برسنے کا امکان۔ گزشتہ روز چندگھنٹوں کی موسلا دھار بارش سے متعدد علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔انتظامیہ کے رین ایمرجنسی کے دعوے دھرے رہ گئے سڑکیں اورگلیاں تالاب بن گئیں جبکہ انڈر پاسز سوئمنگ پول میں تبدیل ہوگئے۔ ملازمت پر جانے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔کراچی کےعلاقے کلفٹن نیلم کالونی اور ابراہیم حیدری میں کرنٹ لگنے سے دوافراد جاں بحق ہوگئے۔ کلفٹن نیلم کالونی میں جاں بحق شخص کی شناخت عابد علی کے نام سے جبکہ کورنگی ابراہیم حیدری میں جاں بحق ہونے والے کی شناخت ارشد علی کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔





