عظیم ایتھلیٹ کارل لیوس بھی، لانگ جمپ لگا کر راتوں رات مشہور ہونے والے، ‘آصف مگسی‘ کے فین

ٹک ٹاک پر موٹر سائیکلوں اور نہروں کے اوپر سے چھلانگ لگانے کی ویڈیوز شیئر کرنے نوجوان کو پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ٹرائلز کے لیے لاہور بلا لیا ہے۔
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر نے بتایا کہ ‘سندھ کے علاقے ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے آصف کو ٹرائلز کے لیے لاہور بلایا گیا ہے۔ ایک دو روز میں وہ لاہور آنے کا بتائیں گے۔’
سندھ کے علاقے ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے آصف مگسی کی نہروں اور موٹر سائیکلوں کے اوپر سے چھلانگ لگانے والی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ان کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری جنرل محمد ظفر کہتے ہیں کہ لاہور میں ٹرائلز کے دوران کھلاڑی کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
‘انہوں نے گیارہ موٹر سائیکلوں کے اوپر سے چھلانگ لگائی ہے۔ یہ فاصلہ تقریباً 22 فٹ بنتا ہے، ان کی دیگر ویڈیوز بھی دیکھی ہیں لیکن لاہور میں ٹرائلز کے دوران صحیح جائزہ لیا جائے گا، تکنیکی ٹیم بھی ان کی کارکردگی دیکھے گی پھر فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کو کس قسم کی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔’
‘آصف بہترین لانگ جمپ لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں’
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے ہیڈ کوچ اصغر علی گل کے مطابق آصف مگسی میں وہ صلاحیتیں موجود ہیں جو کہ ایک بین الاقوامی معیار کے لانگ جمپر میں ہوتی ہیں۔
اصغر علی گل کے مطابق ‘کسی بھی لانگ جمپر میں دو بنیادی خصوصیات دیکھی جاتی ہیں۔ سب سے پہلے لانگ جمپ لگانے والے کی ٹیک آف پوزیشن کو دیکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد سب سے اہم چھلانگ لگانے کے بعد ہوا میں کھلاڑی کی سائیکلنگ کرنا ہوتا ہے، آصف میں یہ دونوں خصوصیات موجود ہیں۔’
ہیڈ کوچ اصغر علی گل کہتے ہیں کہ آصف مگسی کے اندر انہوں نے خداداد صلاحیتیں دیکھی ہیں ‘پروفیشنل جمپر کی نشانی ہے کہ وہ ٹیک آف کے بعد ہوا میں کس طرح اپنے دائیں اور بائیں ٹانگوں کے ساتھ سائیکلنگ کرتے ہیں۔’
سوشل میڈیا پر 22 سالہ نوجوان آصف مگسی کی 11 موٹرسائیکلوں پر لانگ جمپ لگا کر لوگوں کو حیرت میں ڈالنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین اور مشہور کھلاڑی انہیں شاباش دیتے نظر آئے۔
آصف کی ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی انہیں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی داد ملنا شروع ہوگئی۔
اولمپکس کے عالمی مقابلوں میں کئی میڈلز اپنے نام کرنے والے معروف ایتھلیٹ کارل لیوس نے ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘دراصل خوف نہ ہونے کی وجہ سے اس نے بہت ہی عمدہ ذہن پایا ہے۔‘
سینیئر سپورٹس صحافی عبدالمحی شاہ نے آصف مگسی کی یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘بے شک ہمارے دیہی علاقوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے لیکن اس لڑکے کے پاس لانگ جمپ اور ٹرپل جمپ کی بہترین صلاحیت موجود ہے۔‘


