ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ کیرالہ کے رن وے پر حادثے کے بعد دو ٹکڑے، اب تک 17 افراد کی یقینی ہلاکت کی اطلاعت

انڈیا کی جنوبی ریاست کیرالہ کے کوزیکوڈے شہر کے ہوائی اڈے پر دبئی سے آنے والا ایک مسافر بردار طیارہ لینڈ کرتے وقت حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔
طیارے کے پائلٹ دیپک وسنت بھی اس حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر لوگ ان کی ہلاکت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔
آیئر انڈیا ایکسپریس نے طیارے کے مسافرون کی فہرست جاری کردی ہے۔
اس سے پہلے ٹائم میگزین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ ‘حادثے میں کم سے کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔’ سوشل میڈیا پر جو تصاویر سامنے آ رہی ہیں اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ طیارے کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

ایئرانڈیا ایکسپریس کے پریس ریلیز کے مطابق اس طیارے میں 10 بچے، 2 پائلٹس اور 4 کیبن کے عملے سمیت 190افراد سوار تھے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق کونڈوٹی پولیس نے کہا ہے کہ دبئی کوزیکوڈے ایئرانڈیا فلائٹ(IX-1344) اترتے وقت رن وے پر پھسل گیا۔ ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ اس میں دو پائلٹس سمیت عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔
یہ ایئرپورٹ بلندی پر ہے جیسے کہ کوئی میز ہو۔ اخبار کی ویب سائٹ نے مقامی ایم ایل اے ٹی وی ابراہیم کے حوالے سے لکھا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور خوش قسمتی سے پھسلنے کے باوجود طیارے میں آگ نہیں لگی۔
مبینہ طور پر کہا جا رہا ہے کہ ایئر انڈیا ایکسپریس طیارہ رن وے سے پھسل کر 30 فیٹ گہرے گڑھے میں گر پڑا۔
ترون شکلا نامی ایک صحافی نے لکھا ہے کہ ایئر انڈیا ایکسپریس طیارے کے کوزیکوڈے ایئرپورٹ پر جہاں تیز بارش ہو رہی تھی پھسلنے کی خوفناک تصاویر آ رہی ہیں۔

‘سنہ 2010 کی طرح ایک بار پھر ایئر انڈیا کا طیارہ جو حادثے کا شکار ہوا ہے وہ دبئی سے آ رہا تھا۔ اس وقت یہ واقعہ صبح کو پیش آیا تھا۔’
ہنگامی لینڈنگ کے بعد طیارے کے دو ٹکڑے ہوگئے۔ کیرالہ ریاست کے ایک رکن اسمبلی کے مطابق حادثے میں پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایمرجنسی سروس کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم بارش کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔’

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے طیارے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر اس وقت ‘ایئر انڈیا’ ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے اور نامور شخصیات اپنی ٹویٹس میں افسوسناک واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہیں۔

انڈیا کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘کوئیکوڈ ہوائی اڈے پر طیارے کے حادثے کی افسوسناک خبر پر صدمے میں ہوں۔ میری تمام ہمدردیاں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔’

معروف گلوکار عدنان سمیع نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘کالی کٹ کے ہوائی اڈے پر ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کی خراب موسم کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا سن کر دکھ ہوا۔ طیارے میں سوار تمام لوگوں کی حفاظت کے لیے دعائیں۔’

بالی وڈ اداکارہ دیشا پٹانی نے لکھا کہ ‘ ایئر انڈیا کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کی خبر سن کر گہرے صدمے میں ہوں۔ طیارے میں سوار پائلٹ، عملے اور تمام مسافروں کے لیے دعاگو ہوں۔ یہ سال بہت خوفناک ہے۔’

تانشکہ کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے حادثے کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘یہ تصاویر دل توڑ دینے والی ہیں۔ میرا دل مزید اموات دیکھنا نہیں چاہتا۔ عملے اور تمام مسافروں کے لیے دعائیں۔’

توصیف پرو کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے ایک بچی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘یہ بچی جائے حادثہ پر اکیلی ملی ہے جسے کنڈوٹے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔’




