مقبوضہ کشمیر کےکئی علاقوں میں شدید بارش سے سیلاب جیسی صورتحال

مقبوضہ وادی کشمیر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو شروع ہونے والی موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے جس کے باعث جہاں ندی نالوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوئی ہے وہیں سری نگر کی متعدد سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آگئے ہیں۔
دوسری جانب جموں میں صورتحال بھیانک روپ اختیار کر رہی ہے۔ خطہ پیر پنچال اور چناب وادی کے پانچ اضلاع میں گزشتہ چند روز سے جاری بارشوں نے اپنا قہر ڈھانا شروع کر دیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاسی، راجوری اور پونچھ اضلاع میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مٹی کے تودے گر آنے کے تین الگ الگ واقعات میں ایک خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے ہیں نیز کئی مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔ کئی علاقوں میں آنے والے فلیش فلڈ کی وجہ سے متعدد پلوں، سڑکوں اور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جمعرات کی شام تک جاری رہے گا۔ موسم 28 اگست یعنی جمعے کی صبح سے ٹھیک ہونا شروع ہوگا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں شروع ہوئیں جن کا سلسلہ اس رپورٹ کے فائل کئے جانے تک وقفہ وقفہ سے جاری تھا۔
موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی ندی نالوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ دریائے جہلم میں بھی پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔ نیز شہر کی متعدد سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آگئے ہیں۔
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گریز میں فلیش فلڈ کی وجہ سے واٹر سپلائی اسکیم کو نقصان پہنچا ہے اور سڑکیں زیر آب آنے کی وجہ سے ان پر گاڑیوں کی آمد و رفت ناممکن بن گئی ہے۔
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق کنگن کے کچھ دیہات میں فلیش فلڈ کی وجہ سے دھان کی کھڑی فصل اور سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اگرچہ دریائے جہلم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے لیکن یہ خطرے کے نشان سے کافی نیچے ہے۔ تاہم اگر موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ یوں ہی جاری رہا تو جہلم میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
خطہ پیر پنچال اور چناب وادی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان اضلاع میں گزشتہ چند دنوں سے جاری بارشوں نے قہر ڈھانا شروع کر دیا ہے۔ مسلسل بارشیں نہ صرف تودے گر آنے کے واقعات کا سبب بن رہی ہیں بلکہ بعض دریائوں اور ندی نالوں میں آنے والی طغیانی سے کئی پلوں، سڑکوں اور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
تیز بارشوں کی وجہ سے جموں کے درجنوں علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔ ضلع پونچھ کے مینڈھر میں 33 کے وی بجلی سپلائی لائن کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثنا وادی کشمیر کی سری نگر – جموں شاہراہ پر مٹی کے تودے گر آنے اور چٹانیں کھسک آنے کے باعث بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی ٹریفک کی نقل وحمل معطل رہی۔







