پاکستان 326 رنز بنا کر آل آؤٹ، انگلینڈ 32 پر تین آؤٹ

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل میں پاکستان کی پوری ٹیم 326 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میزبان انگلینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو اسے ابتدا میں ہی قیمتی وکٹیں کھونا پڑ گئیں۔
شاہین شاہ آفریدی کے اوور میں آر جے برنس کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل ناکام ہوئی تو پاکستان نے ریویو لیا جس پر انہیں آؤٹ قرار دے دیا گیا۔ انگلینڈ کو چار رنز کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔
اظہر علی کے اس ریویو کو سوشل میڈیا پر موجود کرکٹ شائقین کی جانب سے سراہا بھی گیا۔
بین اسٹوکس بھی پچ پر پڑنے کے بعد اندر کو آتی ہوئی گیند کو نہ سمجھ سکنے کی وجہ سے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے، ان کی وکٹ پاکستانی پیسر محمد عباس کے حصے میں آئی۔
قبل ازیں پاکستانی بیٹنگ کے دوران اوپنر بلے باز شان مسعود نےنمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 156 رنز بنائے۔
جمعرات کو دوسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو بابر اعظم 69 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق صرف سات رنز ہی بنا سکے اور اسٹوارٹ براڈ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد محمد رضوان آئے جو نو رنز بنا کر پویلین کو لوٹ گئے۔ آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم میں موجود شاداب خان ایک اچھی اننگز کھیلنے کے بعد 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شاداب کے بعد پاکستانی بلے باز کریز پر ٹھہر نہ سکے اور اسکور میں معمولی سا اضافہ کرتے ہوئے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔
بدھ کو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل بارش اور خراب روشنی کے باعث جلدی ختم کر دیا گیا تھا، ابتدائی دن صرف 49 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔
جب خراب روشنی کے باعث امپائرز کے کھیل وقت سے پہلے ختم کرنے کا اعلان کیا تو اس وقت بابر اعظم اور شان کریز پر موجود تھے۔
بابر اعظم 69 رنز جب کہ شان مسعود نے 46 رنز پر کھیل رہے تھے۔ پاکستان کا اسکور پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز تھا۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے اوپننگ کے لیے شان مسعود اور عابد علی کو میدان میں اتارا تھا لیکن عابد علی جوفرا آرچر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 37 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔
عابد علی کی جگہ کپتان اظہر علی میدان میں آئے جو ایک اوور میں کوئی رن بنائے بغیر کرس ووکس کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
ٹاس جیتنے کے بعد کپتان اظہر علی نے کہا کہ ’ہم دو اسپنرز اور تین فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں اور شاداب خان بحیثیت آل راؤنڈ کھیل رہے ہیں۔
اظہر علی نے کہا کہ ’ہم نے سیریز کے لیے اچھی تیاری کی ہے اور سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
اس میچ کے لیے پاکستانی 16رکنی ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں اظہر علی (کپتان)، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فواد عالم، امام الحق، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، سرفراز احمد شاداب خان، شاہین شاہ، شان مسعود سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے انگلش سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
جوروٹ (کپتان)، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچ، ڈومینک بیس، اسٹیورٹ براڈ، روری برنس، جوز بٹلر، اولی پوپ، ڈوم سبلے، بین اسٹوکس، کرس ووکس۔
جیمز بریسے، بین فوکس، زیک کرالر، ڈین لارنس، سیم کرن اور مارک وڈ کو ریزر کھلاڑیوں کے طور پر رکھا گیا ہے۔







