پاکستان

وزیراعظم کے مشیر کی ”محکمہ زراعت“ سے معافی

پاکستان کے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے نواز شریف کو ملک سے باہر بھجوانے کے سوال پر محکمہ زراعت کا نام لینے کے بعد اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے۔

شہزاد اکبر نے 23 اکست کی رات ڈیڑھ بجے ٹویٹ میں لکھا کہ ”یہاں یہ واضح کرنا بھی ضروری ہے کہ میرے بیان سے اگر قومی سلامتی کے اداروں کے بارے میں کوئی غلط تاثر پیدا ہوا ہو تو وہ بے بنیاد اور حقیقت سے عاری ہے اور کسی ادارے یا شخص کی دل آزاری پہ میں معذرت خواہ ہوں۔“

شہزاد اکبر نے سنیچر کی شام پریس کانفرنس میں نواز شریف کی صحت، میڈیکل رپورٹس اور لندن بھجوائے جانے کے سوال پر صحافی سے کہا تھا کہ اس کا محکمہ زراعت سے پوچھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ عام انتخابات کے دوران خفیہ ایجنسیوں کو محکمہ زراعت کا خطاب اس وقت ملا تھا جب ن لیگ کے ایک امیدوار کو مارپیٹ کے بعد الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے والوں نے بتایا تھا کہ ان کا تعلق محکمہ زراعت سے ہے۔

سینیئر تجزیہ کار مرتضی سولنگی نے شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کے اس حصے کی ویڈیو ٹوئٹر پر پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے محکمہ زراعت کا ذکر کیا تھا۔

شہزاد اکبر پر سوشل میڈیا صارفین نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر تنقید کی جبکہ تحریک انصاف کے حامیوں نے بھی سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button