سعودی ایگزٹ ری انٹری ویزے میں تین ماہ کی مفت توسیع

سعودی عرب نے سفری پابندیوں کے پیش نظر غیرملکیوں کےایگزٹ ری انٹری ویزے میں تین ماہ کی مفت توسیع کر دی ہے۔ توسیع کی کارروائی خود کار نظام کے تحت انجام دی گئی ہے۔
الاخباریہ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ان غیر ملکیوں کے ایگزٹ ری انٹری ویزے میں تین ماہ کی مفت توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے کی ہے جو ویزا حاصل کرنے کے بعد سفری پابندیوں کی وجہ سے سفر نہیں کر سکے۔
محکمہ پاسپورٹ نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ ایگزٹ ری انٹری ویزے میں تین ماہ کی مفت توسیع خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ پاسپورٹ نے ایگزٹ ری انٹری ویزے پر بیرون مملکت مقیم غیرملکیوں کے اقاموں میں خود کار نظام کے تحت توسیع کی ہے۔ یہ توسیع ان تارکین کے اقاموں میں کی گئی ہے جن کی میعاد ختم ہوگئی تھی۔
دوسری طرف سعودی عرب میں موجود غیر ملکیوں کے وزٹ ویزوں میں خود کار طریقے کے مطابق توسیع کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے غیر ملکیوں کے اقاموں اور ویزوں میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دی تھی۔

کورونا وائرس کے حوالے سے موجودہ حالات غیر معمولی ہیں جن کے پیش نظر سعودی حکومت کی جانب سے خصوصی مراعات کا اعلان کیا گیا تھا۔
سفری پابندیوں کے دوران حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے ’عودہ ‘ یعنی ریٹرن سروس کی سہولت جاری کی گئی تھی جو تاحال جاری ہے۔
عودہ آپشن سے وہ غیر ملکی مستفید ہو سکتے ہیں جو اقامے پر مملکت میں مقیم ہوں یا جن کے ایگزٹ ری انٹری ویزے یا فائنل ایگزٹ لگے ہوئے ہیں ۔علاوہ ازیں وزٹ ویزے پر آنے والے بھی عودہ کے آپشن سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
وزارت نے وطن واپسی کے خواہشمند مختلف ویزوں پر مقیم غیرملکیوں کی سہولت کے لیے (عودہ) آن لائن پروگرام کا اجرا کیا ہے۔

اس کے تحت واپسی کے خواہشمند تمام غیرملکیوں کو ابشر کے ذریعے واپسی کی درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے.
عودہ آپشن پر اندراج کرانے کا طریقہ انتہائی آسان ہے جس میں سفر کرنے والے کا اقامہ نمبر، تاریخ پیدائش، موبائل نمبر اور جس شہر سے سفر کرنا اور جہاں جانا ہے کا اندراج کیا جاتا ہے۔ عودۃ پروگرام سے استفادے کے لیے ضروری نہیں کہ امیدوار کا ابشر آن لائن پر اکاؤنٹ بھی ہو.







